بلدیاتی نظام اور ذوالفقار مرزا کے معاملے پر پیپلز پارٹی سندھ میں شدید اختلاف رائے کے بعد پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس آج وزیراعلی ہاس میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت پیر مظہر الحق کریں گے، پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ اسمبلی کے تمام ارکان کو اجلاس میں لازمی طور پر شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے حامی ایم پی ایز سے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر وضاحت بھی طلب کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق گذشتہ شب ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی رہائشگاہ پر ہونے والے ایک خفیہ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے تیس سے زائد ایم پی ایز نے شرکت کی جس میں بعض وزرا اور خواتین ارکان بھی شریک تھیں۔ اجلاس میں شریک ایم پی ایز نے ذرائع کو بتایا ہے کہ آج ہونے والی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کھل کر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی حمایت کی جائے گی اور اسمبلی میں سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی کھل کر مخالفت کی جائے گی۔ بعض وزرا نے دعوی کیا ہے کہ اگر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی حمایت سے دستبردار ہونے کیلئے دباو ڈالا گیا تو پارٹی کو وزارتیں واپس کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد چار وزرا بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔