اسلام آباد(جیوڈیسک)وزیر دفاع نوید قمر نے کہا ہے کہ ملک میں صرف پانچ ایئرپورٹس منافع بخش ہیں، جعلی ڈگری والے پائلٹوں کیخلاف انضباطی کارروائی کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع نوید قمر نے اعتراف کیا ہے کہ کرپشن و بد انتظامی اور ضرورت سے زیادہ ملازمین کے باعث قومی ائر لائن خسارے سے نہیں نکل رہی۔ جعلی ڈگری والے پائلٹوں کے خلاف انضباطی کارروائی کر رہے ہیں۔
ملک میں صرف 5 ائر پورٹس منافع بخش ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر دفاع نوید قمر نے بتایا کہ پی آئی اے میں منظور شدہ آسامیاں 19159 ہیں تاہم اس وقت 20448 افراد کام کر رہے ہیں جبکہ 3 ہزار 58 ملازمین یومیہ اجرت پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں پی آئی اے کی 2 ہزار 540 پروازوں میں تاخیر ہوئی جس کی وجوہات میں موسمیاتی حالات، آپریشنل و سیکورٹی کلیئرنس اور تکنیکی مسائل شامل ہیں۔ اس وقت ملک میں 43 میں سے 26 ائر پورٹ فعال ہیں جن میں سے صرف پانچ منافع دے رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید بتایا کہ پی آئی اے میں پانچ پائلٹوں کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوچکی ہیں جن کے خلاف انضباطی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر نوید قمر نے اعتراف کیا کہ کرپشن و بدانتظامی کے باعث پی آئی اے منافع بخش ادارہ نہیں بن پا رہا۔