پی او اے ایف انٹرنیشنل نے مختصر عرصے میں زیادہ کامیابیوں کو سمیٹا ہے ، سید قمر رضا کی گفتگو

اسلام آباد ( بیورو رپورٹ ) پی او اے ایف انٹرنیشنل کے صدر چوہدری محمد اکرم منہاس اور چیئرمین سید قمر رضا کا رابطہ ، چوہدری محمد اکرم منہاس نے چیئرمین کو فورم کی اب تک کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ چیئرمین نے صدر فورم کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر فورم کی وفد سمیت وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز ، ایم ڈی او پی ایف اور ڈائریکٹر او پی ایف سے ملاقاتوں سے ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔

اوورسیز پاکستانی کمیونٹی نے پی او اے ایف انٹرنیشنل کی کوششوں کو سراہا اور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ ہم نے اب تک جتنی بھی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہ ہماری منزل نہیں بلکہ ہم اپنی منزل کو بہت دور تک دیکھتے ہیں۔ سید قمر رضا نے کہا کہ زیورخ اور لندن میں منعقد ہونے والے کنونشن نے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے اور اسی طرح کی رفتار جاری رہی تو وہ وقت دور نہیں جب ایک کروڑ سے زائد پاکستانی اپنے کسی بھی مسئلے کیلئے پی او اے ایف انٹرنیشنل کے ذریعے اپنی آواز بلند کرنے میں فخر محسوس کریں گے۔

صدر فورم چوہدری محمد اکرم منہاس نے اس موقع پر کہا کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز اور او پی ایف کا تعاون قابل تعریف ہے جبکہ وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فیڈرل سیکرٹری ندیم اشرف ، ڈائریکٹر او پی ایف شیخ خالد اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر ویلفیئر تنویر عباسی نے ہماری توقعات سے بڑھ کر تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز نے پی او اے ایف انٹرنیشنل کی جدوجہد اور کارکردگی کی تعریف کی ہے اور ہمارے مطالبات و سفارشات پر ہمدردی سے نظرثانی کی ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔