پاکستان اسپورٹس (جیوڈیسک) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بتیسویں نیشنل گیمز کا حصہ بننے سے معذوری ظاہر کردی ہے اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نیشنل اسپورٹس پالیسی پر عمل درآمد کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں نیشنل گیمز کا انعقاد خطرے میں پڑگیا ہے۔
بتیسویں نیشنل گیمز چھ سے بارہ اکتوبر تک لاہور میں منعقد ہونا تھے۔ لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کوئی بھی عہدیدار اسپورٹس ایسوسی ایشن میں دو بار سے زیادہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ نیشنل گیمز کے میزبان پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی تیسری مرتبہ منتخب شدہ ہیں ۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے اسپورٹس بورڈ پنجاب کو خط لکھنے کے بعد ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے پابند ہیں اور جب تک پنجاب اولمپک ایسوسی میں نئے انتخابات نہیں ہوں گے، تب تک حکومت پنجاب نیشنل گیمز نہیں کرائے گی۔