لاہور : ( جیو ڈیسک) پی ایچ ایف ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا، قومی ٹیم کوچ کی قسمت کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔ کوچ مشل وین ڈین کا کہنا ہے کہ وہ تربیتی کیمپ جوائن کرنے سے پہلے معاملات طے کرنا چاہتے ہیں۔ قاسم ضیاء کی سربراہی میں پی ایچ ایف ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں مشل وین ڈین سمیت دیگر اہم معاملات پر نظر ثانی کی جائیگی ۔
ہاکی کوچ نے پی ایچ ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس پر انہیں نوٹس بھی بھجوایا گیا ہے۔ ایک انٹرویو میں وین ڈین نے کہاکہ وہ پی ایچ ایف کو لندن اولمپکس کے بعد کوچنگ جاری نہ رکھنے کے بارے میں بتا چکے ہیں۔ ڈچ کلب سے معاہدہ پی ایچ ایف معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہے۔