پی ایچ ایف (جیوڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس میں سلیکشن کمیٹی تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اب چیف سلیکٹر حنیف خان بطور کوچ خدمات انجام دینگے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ایگزیکٹیو بورڈ نے قومی سلیکشن کمیٹی ختم کرکے تمام انتظامات ٹیم مینجمنٹ کے سپرد کر دئیے ہیں۔
لاہور میں ہونیوالے بورڈ کے اجلاس میں دو ہزار چودہ تک تمام انتظامیہ کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اختر رسول کو ہیڈ کوچ اور منیجر مقرر رکھا گیا ہے جبکہ حنیف خان کوچ ، اجمل خان اور احمد عالم معاون کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔ اجلاس میں سابق اولمپیئن اور ایف آئی ایچ کے ماسٹر کوچ طاہر زمان کو پی ایچ ایف کا کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طاہر زمان کو قومی ٹیموں سمیت اکیڈمیز کا ڈھانچہ درست کرنے کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ ٹیم انتظامیہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر پی ایچ ایف کو جوابدہ ہوگی اور یہی احتساب کا بہتر طریقہ ہے۔