پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس تین ماہ کی تاخیر سے انتیس نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ پی سی بی کے آئین کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس تین ماہ بعد ہونا ضروری ہے ۔ اعجازبٹ نے بائیس جون کوبجٹ کی منظوری کے بعد اجلاس طلب نہ کرکے آئینی تقاضوں سے انحراف کیا۔ تاہم ذکا اشرف بورڈ کے تمام امور جمہوری انداز سے چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش کو پاکستان کا دورہ کرنے کے بدلے آئی سی سی نائب صدارت کے لئے حمایت کا یقین دلایا ہے لیکن وہ یہ فیصلہ بھی ذاتی طور پر کرنے کے بجائے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے کرنا چاہتے ہیں۔اس لئے دیگر امور کے علاوہ آئی سی سی میں بنگلہ دیش کو سپورٹ کرنے کا معاملہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔