لاہور : (جیو ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلہ دیش بورڈ کا امتحان لینے کے درپے ہے۔ پی سی بی نے بنگلہ دیش بورڈ سے ڈھاکہ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کی کاپی مانگی ہے جس کی وجہ سے بنگلہ دیش ٹیم کا دورہ ملتوی ہوا ۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پچھلے ہفتے دورہ پاکستان کی حامی بھر لی تھی اور اگر بنگلہ ٹیم دو میچز کھیلنے آجاتی تو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو جاتی جو تین سال قبل سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے معطل تھی لیکن جمعرات کو ڈھاکہ ہائی کورٹ نے دورے کے خلاف ایک پٹیشن پر فیصلہ کرتے ہوئے اسے چار ہفتوں کے لئے ملتوی کر دیا تھا۔
پی سی بی نے بنگلہ دیش بورڈ کی نیت کا امتحان لینے کی غرض سے اس سے کورٹ کے احکامات کی کاپی طلب کی ہے اور ساتھہ ہی امید ظاہر کی ہے کہ بنگلہ دیش بورڈ عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کریگا۔ قانونی ماھرین کے مطابق اگر بنگلہ دیش بوڑد عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کرتا تو اس کی ٹیم کو بھیجنے کی نیت مشکوک ہوجائے گی۔