پاکستان تحریک انصاف ملک کی وہ واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں پاکستانیوں کے دل کی دھڑکن ہے ۔ یہ جماعت نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی یکساں مقبول ہے۔ اس کی مقبولیت کا گراف دن بدن بڑھ رہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام تحریک انصاف کے ذریعے ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں۔
تحریک انصاف صحیح معنوں میں پاکستان میں ہر سطح پر انقلاب لانے کیلئے کوشان ہے اور اس مقصد کیلئے پی ٹی آئی کو ہر طبقہ فکر کے لوگوں کا تعاون بھی حاصل ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف متحدہ عرب کے راہنمائوں چوہدری امجد اقبال امجد، ملک یاسر امتیاز اعوان، میاں اویس انجم، ریئس صبر اور سابق کرکٹر مدثر نذر نے دوبئی میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ہونے والے ایک پروگرام میں کیا۔
پاکستان کے 66ویں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ اس تقریب میں پی ٹی آئی یو اے ای کے راہنمائوں طارق بٹ، آصف بنگش، عاطف، شکیل، ریئس صبر، عدیل علوی، حافظ جواد، کرامت سیارہ، ڈاکٹر منصور، صدف عابد،ندیم، زبیرکلیم، شاہد وڑائچ، قیوم شاہ اور ریئس قریشی کے علاوہ پاکستان کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی، اس موقع پر 14اگست کو حوالے سے یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ جبکہ سابق کرکٹر مدثر نذر تقریب ہذا کے مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر امجد اقبال امجد، ملک یاسر امتیاز اعوان، ریئس صبر اور میاں اویس انجم نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت شدید بحرانوں کی زد میں ہے۔ کرپشن مہنگائی اقربا پروری بے روزگاری اور لوڈشیدنگ نے پاکستان کے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے ملک کو مسائل سے ہی دوچار کیا ہے اور ذاتی مفادات حاصل کئے ہیں۔ جس سے غریب آدمی کا زندہ رہنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
قائدین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں انقلابی تبدیلی لانے کا عزم لے کر میدان میں آئی ہے۔ دنیا کے بہت سے ممالک میں انقلابی تبدیلی نوجوانوں کی وجہ سے آئی ہے۔ اب پاکستان میں بھی تبدیلی نوجوانوں ہی لائیں گے۔ پی ٹی آئی کے قائدین نے کہا کہ یو اے ای میں پی ٹی آئی بہت مقبولیت اختیار کر چکی ہے۔ اور اس کے ممبران میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔