شاہد آفریدی نے آل راونڈر کارکردگی کے ذریعے پاکستان کوچوتھے ایک روزہ میچ میں چھبیس رنز سے فتح اورسیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری دلادی۔ شارجہ کرکٹ گراونڈ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دوسو رنز بنائے۔ پچھہتررنز پر پانچ وکٹیں کرنے کے بعد شاہد آفریدی نے پینسٹھ گیندوں پر شاندار پچھہتر رنز تین چھکوں کی مدد سے بنائے اور سعید اجمل کے ساتھ تریسٹھ رنز کی شراکت قائم کی۔سعید اجمل نے بیس رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سری لنکاکے دلہارا فرنینڈو نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جیون مینڈس اور پرسنا نے دو، دو وکٹیں لیں۔ سری لنکاکے ابتدائی تین وکٹ ترپن رنز پر گرے۔ پھر کمارسنگاکارانے انسٹھ اور مہیلا جے وردنے نے پچپن رنز اسکورکئے اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں ایک سو دو رنز کااضافہ کرکے میچ بظاہر پاکستان کے ہاتھ سے چھین لیا۔ لیکن شاہد آفریدی اور سعید اجمل کی بے مثال بولنگ کے سامنے انیس رنز کے اضافے سے سری لنکا کے بقیہ سات کھلاڑی آوٹ ہوئے اور پوری ٹیم ایک سوچوہتر رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان نے چھبیس رنز سے فتح پائی۔ شاہد آفریدی نے پینتیس رنز دیکر پانچ وکٹیں لیں۔ سعید اجمل اور اعزاز چیمہ نے دو، دو کھلاڑیوںکوآوٹ کیا۔ سیریز کا آخری میچ بدھ کو ابوظبی میں کھیلا جائیگا۔