مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر چودھری نثار نے نگران سیٹ اپ پر حکومت کے ساتھ مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پرائی بارات میں دلہا بننے کی کوشش نہ کرے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی سا کھ ختم کر چکی ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اب حکومت سے مشاورت کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ حکومت کی بات ضرور سنی جائے گی لیکن اسے باضابطہ مذاکرات کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ اس سے پہلے دوسرے روز بھی حکومت اور مسلم لیگ ن کے احتساب بل، نگران سیٹ اپ اور نئے صوبوں پر مذاکرات ملتوی ہو گئے۔ حکومت کی جانب سے اس کا جواز وفاقی وزیر خورشید شاہ کی اسلام آباد میں عدم موجودگی کو بتایا گیا۔ مسلم لیگ ن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اب پیپلزپارٹی خود مذاکرات کے وقت سے آگاہ کرے گی۔