چوہدری عبدالرزاق گجر کیخلاف بھاری رشوت لے کر مقدمہ درج کرنے والے پولیس اہلکار معطل
Posted on January 26, 2013 By Zain Webmaster گجرات
گجرات ( بیورو رپورٹ ) پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل کے فنانس سیکرٹری چوہدری عبدالرزاق گجر سمیت 8 افراد کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرنے ، چوہدری عبدالرزاق گجر اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے ، دھمکیاں دینے اور رشوت لے کر ناجائز مقدمہ درج کرنے پر ڈی پی او راجہ بشارت نے تھانہ ٹانڈہ کے ایس ایچ او جاوید گجر اور ایس آئی محمد انو ر ٹوپہ کو معطل کرکے لائن حاضر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی او اے ایف انٹرنیشنل کے فنانس سیکرٹری چوہدری عبدالرزاق گجر آف ٹانڈہ جو کہ برسلز میں مقیم ہیں۔
پاکستان کے دور ے پر گزشتہ روزتشریف لائے تو تھانہ ٹانڈہ کے ایس ایچ او جاوید گجر اور ایس آئی محمد انور ٹوپہ نے ان کے مخالفین سے بھا ری رقم رشوت کے طور پر وصول کرکے چوہدری عبدالرزاق گجر سمیت خاندان کے 8 افراد پر جھوٹا مقدمہ درج کرکے چوہدری عبدالرزاق گجر کے کزن چوہدری امانت علی آف ٹانڈہ کو گرفتار کر لیا اور 4 دن تک حوالات میں بند رکھا۔ جب اس سے کہا گیا کہ اس نے امانت علی کو ناجائز طور پر حوالات میں قید کر رکھا ہے تو اس نے جواب دیا کہ آپ سے جو ہوتا ہے وہ کرلیں ، میں امانت علی کا ریمانڈ لیتا رہوں گا اور اس کو جیل بھی نہیں بھیجوں گا۔
اسی اثناء میں پی او اے ایف انٹرنیشنل کے وفد نے چوہدری محمد اکرم منہاس کی قیادت میں ڈی پی او راجہ بشارت اور ڈی سی او نوازش علی سے ملاقات کی۔ جس پر ڈی پی او نے تھانہ ٹانڈہ کے ایس ایچ او جاوید گجر اور ایس آئی محمد انور ٹوپہ کو فوری طور پر معطل کرکے امانت علی کو رہا کر دیا۔
ضلع بھر کے عوامی و سماجی حلقوں نے پی او اے ایف انٹرنیشنل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے اوورسیز کمیونٹی کے تحفظ کی طرف اہم قدم قرار دیا ہے۔