اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اوران سے ناراض 3 صوبائی وزرا کی صلح کرادی ہے۔ وزیرداخلہ نے وزیراعلیٰ سے کہا ہے کہ وہ وزرا کے تحفظات دور کریں اور وزرا سے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی واضح ہدایت ہے کہ کوئی وزیرمستعفی ہوگانہ ہی بلوچستان حکومت کو کمزور کرنے والا کوئی اقدام کرے گا، وہ وزیراعلیٰ کے ہاتھ مضبوط کریں اور مل جل کر صوبہ کی ترقی کے لیے اپنی توانائیاں وقف کردیں، ذرائع نے بتایا کہ وزیرداخلہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کو ملاقات کی درخواست کی تھی جس پر وزیراعلیٰ نے منگل کوان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ وفاقی حکومت بلوچستان کی حکومت کی انتظامی اورسیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ سیکیورٹی ادارے ،وفاقی انٹیلی جنس ادارے اوروفاقی حکومت صوبہ میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری کے لیے ملکر کام کریں گے اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی حکومت کی مکمل حمایت کریں گے۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ ن لیگ کے بعض وزرا اور مشیروں کے تحفظات دور کیے جائینگے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔دونوں رہنمائوں نے اس بات پراطمینان کا اظہار کیا کہ پچھلے 3 ماہ میں بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ ماسوائے مستونگ میں زائرین پرحملہ جوافسوسناک ہے۔وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے قریبی سیاسی رابطہ برقرار رکھنے اور ایک دوسرے کے تحفظات دور کرنے پراتفاق کیا۔