چکوال کے اسلامیہ گرانڈ میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے کے ابتدائی انتظامات مکمل ہو گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے مطابق جلسہ دو بجے شروع ہو گا اور جلسہ گاہ میں پچاس ہزار افراد کے بیٹھنے کے لئے نشستیں لگائی گئی ہیں۔ جلسہ گاہ میں ایک بہت بڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جس پر عمران خان کے قد آدم پوسٹر آویزاں کئے گئے ہیں۔ شہر بھر میں پوسٹرز اور بینرز آویزاں کئے گئے ہیں ۔ چھوٹی بڑی گاڑیوں اور رکشوں پر تحریک انصاف کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ جلسہ گاہ میں داخل ہونے والے راستوں پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں اور پانچ واک تھرو گیٹس کی تنصیب کی جارہی ہے۔ جلسہ گاہ میں سیکیورٹی کے لئے تین ڈی ایس پی، دس انسپکٹرز، انیتیس سب انسپکٹرز اور پچانوے سپاہی تعنیات کئے گئے ہیں۔ جنہوں نے انتظامات سنبھال لئے ہیں۔ جلسہ گاہ کو جانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو خار دار تاریں لگا کر سیل کردیا گیا ہے اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی تعنیات کئے گئے ہیں۔ آج چکوال میں ہونیوالے جلسے میں متعدد قد آور شخصیات کی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان متوقع ہے۔