کراچی : (جیو ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری آج شام کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ مختلف کیسز کی سماعت کریں گے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان سمیت دیگر ججز پر مشتمل تین بنچز مختلف کیسز کی سماعت کریں گی۔ بنچ ون چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری،جسٹس خلجی عارف ،بنچ ٹو جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس امیر ہانی مسلم اور بنچ تھری میں جسٹس گلزار اور جسٹس اطہر سعید شامل ہوں گے۔
بعد میں 27 اپریل کی شام ساڑھے پانچ بجے ہائی کورٹ کمیٹی روم میں قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں چاروں صوبوں،وفاقی شرعی عدالت اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے ہائی کورٹوں کے چیف جسٹس صاحبان اور گلگت بلوچستان کے چیف جج صاحبان سمیت 25 ججز شرکت کریں گے جبکہ قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا دوسرا اجلاس 28 تاریخ کو ہوگا۔ 28 اپریل کی شام کو چیف جسٹس پاکستان عالمی انٹلکچوئل پراپرٹی ڈے کے سلسلے میں تقریب کی صدارت کریں گے۔