لاہور : (جیو ڈیسک)وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسجد میں کھڑے ہوکر کہتا ہوں کہ چیف جسٹس پاکستان میں انصاف کی آخری امید ہیں، اگر منصف یا ادارے کو تباہ کیا گیا تو علی بابا چالیس چور پنجے گاڑ لیں گے۔جامعہ نعیمیہ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے اندھیرے کسی اور کے نہیں اپنے پیدا کردہ ہیں، علی بابا چالیس چوروں سے جان چھڑانا ہوگی، مینار پاکستان پر ڈگڈگی بجانے نہیں بیٹھا، نہ ہی کوئی تماشا لگایا ہے، میں ڈگڈگی بجاں گا، تو اسلام آباد والے یہاں آکر ناچیں، وہ اچھا ناچتے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کے خلاف کھلی دہشتگردی ہیں، غیرمنصفانہ اور غیرعادلانہ معاشی نظام نے دہشتگردی کو ہوا دی ہے، مشرف کے مکے لہرانے کے بعد ہرطرف دہشتگردی کے سائے چھاگئے، شہباز شریف نے کہا کہ رضا ربانی کے سامنے صدر زرداری نے کہا کہ ڈوگر کو تسلیم کرلوں کیس ختم ہوجائیں گے، لیکن ہم نے واضح کردیا کہ جھکنے والے نہیں، ڈوگر کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ شرمندہ ہیں کہ مفتی سرفراز نعیمی کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کرسکے۔