چیف جسٹس سی این جی سلینڈر لگوانے پر پابندی عائد کروائیں۔ نعمان
Posted on December 20, 2011 By Geo Urdu گجرات
چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی آن کمیونیکیشن اور سابق وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی صحت اورماحولیات و متبادل توانائی محمد نعمان سہگل نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان بھر کی تمام ڈیزل ٹرانسپورٹ بسوں ، ٹرکوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں سے فوری طور پر غیر قانونی اور غیر تکنیکی CNG سلینڈر ہٹوانے کے اقدامات کرتے ہوئے فوری طور پر CNG سلینڈر لگوانے پرپابندی عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرز ایک طرف تو عوام سے ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کا بہانہ بنا کر عوام سے زیادہ کرایہ وصول کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب معصوم اور قیمتی انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اپنے لالچ کے ہوس میں ہیوی اور پبلک ٹرانسپورٹ میں چار سے آٹھ CNG سلینڈر غیر قانونی، غیر تکنیکی طور پر چھتوں اور مختلف مقامات پر نصب کر رہے ہیںجو کہ انسانی جانوں کے لیے ایک انتہائی خطرناک عمل ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ میں CNG سلینڈر پھٹنے کے واقعات اور اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔
نعمان سہگل نے حکومت سے فوری طور پر اپیل کی ہے کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور ڈیزل گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے اُن کی گاڑیوں سے موت کے گولوں کو ہٹوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی اور معصوم جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ماحول دوست CNG بسیں متعارف کرائی جائیں جیسا کہ دنیا بھر میں خصوصی CNG انجن بناکر ٹرانسپورٹ میں نصب کیا گیا ہے جو کہ صرف گیس پر ہی چلایا جاسکتا ہے اور جس سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوتی ہے۔