چیف جسٹس نے وکلا کے پتلے جلانے اور ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لے لیا

Chief Justice Pakistan Iftikhar Chaudhry

Chief Justice Pakistan Iftikhar Chaudhry

کراچی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے خیرپور میں وکلا کے پتلے جلانے، حیدرآباد ہائیکورٹ میں ہوائی فائرنگ اور وکلا کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور سیکریٹری داخلہ کو 24 اکتوبر کو لارجر بینچ کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری سے صدر کراچی بار محمودالحسن ایڈووکیٹ کی قیادت میں وکلا رہنماوں نے ملاقات کی۔ وکلا نے چیف جسٹس کو خیرپور میں وکلا کے پتلے جلانے، حیدرآباد ہائیکورٹ میں ہوائی فائرنگ اور تسلسل کے ساتھ وکیلوں کی ٹارگٹ کلنگ پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ وکلا کی جانب سے درخواست پر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے 24 اکتوبر کو آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور سیکریٹری داخلہ کو سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کے روبرو پیش ہونے کاحکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 23 اکتوبر سے سپریم کورٹ کا لارجر بینچ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں کراچی بدامنی سے متعلق کیسز کی سماعت کرے گا۔ بینچ کے دیگر ججز میں جسٹس خلجی عارف حسین، جسٹس سرمد جلال عثمانی، جسٹس گلزار احمد، جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اطہر سعید شامل ہیں۔