چیمپئنزٹرافی ہاکی میں اسپین نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا۔ گروپ اے میں پاکستان پہلا میچ انگلینڈ سے ہارچکا ہے ۔ آکلینڈ میں جاری چیمپئنزٹرافی میں اسپین نے پہلے برتری حاصل کی۔ شکیل عباسی نے گول کرکے مقابلہ برابرکیا لیکن پہلا ہاف ختم ہونے سے پہلے اسپین نے دوسراگول بھی کردیا۔ پہلے ہاف میں آپس میں تلخ کلامی کے بعد پاکستان کے وسیم احمد اوراسپین کے روک اولیوا کو یلو کارڈ دکھا کر باہر بھیج دیا گیا اور دونوں ٹیموں کودس منٹ تک دس، دس کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں سہیل عباس نے پینلٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ دو، دوسے برابر کردیا لیکن اسپین کی ٹیم مزید دوگول کرنے میں کامیاب ہوئی۔ پاکستانی فارورڈز نے بہت دبا ڈالا اورآخری پندرہ منٹ کا کھیل اسپین کے ہاف میں ہی ہوا لیکن کوئی کھلاڑی گیند کو جال میں ڈالنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ دوسرے کھیلے گئے میچ میں ہالینڈ نے جرمنی کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ پاکستان گروپ اے میں تیسرااورآخری میچ منگل کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سے کھیلے گا۔