چین : کوئلے کی ایک کان میں حادثہ، 10 کان کن ہلاک

China coal mining

China coal mining

چین (جیوڈیسک) شمال مغربی چین میں کوئلے کی ایک کان میں حادثہ میں10 کان کن ہلاک ہو گئے ، اس سے ایک ہفتہ قبل ملک کے ایک دوسرے حصے میں دھماکہ سے 45 کان کن مارے گئے تھے۔ایک خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ گانسو صوبے کی شاندان کانٹی میں جمعرات کی شام ہوکاتوم کوئلے کی کان میں پیش آیا ۔ سیفٹی حکام کے مطابق ہفتہ کی صبح ہلاک ہونیوالے آخری کان کن کی لاش کو بھی نکال لیا گیا ہے ۔ خبر ایجنسی نے بتایا کہ کان کی شافٹ جو پانی سے ڈوبی ہوئی تھی کی دو سو میٹر بلندی پر 10 کان کن ایک پلیٹ فارم گرنے سے نیچے گر گئے تھے ۔

چین کی کانوں میں حادثات معمول ہیں گزشتہ ہفتے سچوان صوبے کے شہر پینزووا میں کوئلے کی کان میں ایک دھماکہ میں 45افراد ہلاک ہو ئے تھے جو رواں سال ملک میں کان کنی کا بدترین حادثہ ہے۔ قواعد و ضوابط کی کمی ، بدعنوانی اور عدم مہارتوں کے باعث چین کی کانیں دنیا بھر میں انتہائی خطرناک تصور کی جاتی ہیں اور مالکان کی جانب سے تیزی کے ساتھ منافع کی کوششوں سے حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کیے جانے کے باعث کانوں کے حادثے معمول کی بات ہیں۔

تازہ ترین سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 2011 میں چین میں کوئلے کی کانوں کے حادثات میں 1973 افراد ہلاک ہوئے تھے جو اس سے قبل کے سال سے 19 فیصد کم ہیں۔ تاہم مزدوروں کے حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی اصل تعداد ان سے کہیں زیادہ ہے۔