ڈالر کی بے قدری، ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتوں میں 75 ہزار روپے تک کمی

Toyota Vehicles

Toyota Vehicles

کراچی (جیوڈیسک) انڈس موٹر کمپنی نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام آنے کا فائدہ صارفین کو منتقل کرتے ہوئے گاڑیوں کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔
ٹیوٹا گاڑیاں بنانے والی اور اس کی ڈسٹری بیوٹر انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ آئی ایم سی نے گاڑیوں کی قیمت میں 75 ہزار روپے تک کی کمی کا اعلان کیا ہے۔

انڈس موٹر کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر علی اصغر جمالی نے کہا کہ وزارت خزانہ کی کوششوں اور حکومتی اقدامات کے باعث روپے کی قدر میں استحکام خوش آئند ہے اور ان مشکل حالات میں روپے کی قدر کو مستحکم بنانے کے لیے حکومتی کوششیں قابل قدر ہیں، وزارت خزانہ نے روپے کی قدر کو بہتر بنانے کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کردکھایا۔

کمپنی فوری طور پر روپے کی قدر میں اضافے کا فائدہ صارفین کو منتقل کرہی ہے ۔ قبل ازیں، رواں برس کرولا ایکس ایل آئی اسٹینڈرڈ کی قیمت میں تقریبا 89 ہزار روپے کی کمی کی گئی تھی اور اب انڈسٹری میں سب سے پہلے قیمتوں میں کمی کا اقدام کرتے ہوئے 75 ہزار روپے تک کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔