ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ نے سیاست کا نقشہ بدل دیا ہے ، آئندہ سیاستدان نیک اور صالح ہونگے ، شاھد رضوان
Posted on January 23, 2013 By Zain Webmaster سٹی نیوز
کھاریاں( شاھد رضوان )ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ نے سیاست کا نقشہ بدل دیا ہے ،آئندہ سیاستدان نیک اور صالح ہونگے ،لانگ مارچ نے کرپٹ سیاسی عناصر کا بوریا بستر گول کر دیا ہے ، ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک ضلع گجرات کے میڈیا ایڈوائزر شاھد رضوان نے ایک خصوصی ملاقات میں اخباری نمائندوں سے کیا ، انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میںتاریخی کامیابیاں حاصل کی گئیں ، جس سے الیکشن میں سیاست کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔
پاکستان کی تاریخ میں 25 روزہ مسلسل عوامی رابطہ مہم کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ، انتخابی اصلا حات کا ایجنڈا مقبول ہوا ، تمام سیاسی مذہبی و اتحادی اپوزیشن جماعتوں نے اصلاحات اور قواعد و ضوابط کو تسلیم کر لیا ، انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں امیدواروں کی اہلیت اور اوصاف کے حوالے سے قوم کو شعور اور آگاہی ملی۔
تحریک منہاج القرآن نے اپنی تنظیمی صلاحیت اور کارکنان نے اپنی بھر پور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ، جسے قوم اور محب وطن اداروںنے دنیا بھر میں تسلیم کیا ،جمہوریت کو پر امن احتجاج کی نئی راہ متعارف کرائی ،جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ، لانگ مارچ سے ملنے والے شعور و آگاہی سے آئندہ الیکشن میں عوامی نمائندگان حقیقی معنوں میں عوام کی بہتر خدمت کر سکیں گے۔