لاہور : (جیو ڈیسک) وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈرون حملے اور دہشت گردی میں کوئی فرق نہیں جب تک کشکول توڑا نہیں جاتا ڈرون حملے نہیں رک سکتے۔ میاں شہباز شریف آج پنجاب بھر کی بار ایسوسی ایشنوں میں کمپیوٹر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے چند کوڑیوں کی خاطر ملکی سلامتی کا سودا کیا تاہم وہ بھی عبرتناک انجام سے دوچار ہو چکے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اس وقت لوڈشیڈنگ دہشت گردی سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے ملک میں ضرورت کے مطابق بجلی پید ا کرسکتا ہے مگر حکومت اس معاملے پر سنجیدہ نہیں ۔ رینٹل پاور پراجیکٹ میں اربوں کی کرپشن کی گئی۔
اٹھارویں ترمیم میں صوبوں کو بجلی پیدا کرنے کا اختیار نہیں دیا گیا ۔ ملک میں اس وقت عدلیہ ہی امید کی آخری کرن ہے اگر عدلیہ نہ ہوتی تو علی بابا چالیس چور ملک پر قابض ہو جاتے ۔ تقریب میں دو مرتبہ لوڈشیڈنگ ہونے پر وکلا نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔