ڈسٹرکٹ یوتھ کنونشن ضلع کونسل ہال گجرات میں منعقد ہوا

گجرات (جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب کی یوتھ پالیسی کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ یوتھ کنونشن ضلع کونسل ہال گجرات میں منعقد ہوا ، جس کا اہتمام صوبائی حکومت و ضلعی حکومت کی ہدایت پر ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد نواز نے کیا اس موقع پر مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی میاں طارق محمود تھے جبکہ صدارت ڈی سی او گجرات نوازش علی نے کی ، اس موقع پر چوہدری تنویر گوندل ، چوہدری اظہر اقبال آف فتح پور ، محکمہ تعلیم ، محکمہ ہیلتھ ، محکمہ ماحولیات اور تمام محکموں کے افسران اور یونیورسٹی آف گجرات طلباء و طالبات نے شرکت کی ، ڈی سی او گجرات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کررہی ہے ، نوجوانوں کو چاہیے کہ جذبات سے ہٹ کرفیصلے کریں ، اپنی راہیں متعین کریں ، انتظامیہ سے رابطہ رکھیں ، تا کہ ان کے مسائل حل ہو سکیں ، ضلع گجرات میں میرٹ پر کام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، تمام شعبوں میں نوجوانوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ، پولیو کے خاتمہ کیلئے بھی ملکر کام کرینگے ، 97فیصد بچوں کو پولیو قطرے پلائے گئے ، باقیوں کو بھی پلائیں گے ، ایم پی اے میاں طارق محمود نے کہا کہ نوجوان نسل پریشان ہے کہ اپنے فیصلے کیسے کریں ، اپنی راہیں کیسے تلاش کریں لیکن میاں شہباز شریف نے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے ، اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کیں ہیں ، اور 6جون کو وہ لاہور میں صوبائی یوتھ پالیسی کا اعلان کرینگے ، اس موقع پر طلباء و طالبات نے اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔