ڈکیتی میں مزاحمت پر نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر بیوہ خاتون کو گلے میں پھندہ ڈال کر قتل کر دیا

گجرات (جی پی آئی) ڈکیتی میں مزاحمت پر نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر بیوہ خاتون کو گلے میں پھندہ ڈال کر قتل کر دیا اور طلائی زیوارت اور نقدی لوٹ کر بے خوف فرار ہو گئے ، تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں واقع محلہ کریم پورہ میں پال سٹریٹ میں مقیم 50سالہ شمیم بیوہ محمد رفیق گوندل کو نامعلوم افراد نے گھر کی دوسری منزل پر بستر پر لیٹی ہوئی کو دبوچ لیا اور اس کے منہ پر کپڑا لپیٹ کر اور ہاتھ پائوں کپڑوں سے باندھ کر صبح کے وقت ابدی نیند سلا دیا، اور مقتولہ کے گلے کا طلائی زلاکٹ ، انگوٹھیاں اور بالیاں اور پرس میں موجود نقدی لوٹ کر پراسرار طریقہ سے فرار ہو گئے ، جب مقتولہ کی گھر میں موجود دو بہووئوں نے ناشتہ کے لئے جگانے کے لئے کمرے کا دروازہ کھولا تو مقتولہ کی زیورات اور رقم کے بغیر نعش بندی ہوئی تھی ، جس سے ظاہرہو رہا تھا کہ مقتولہ کو پھندہ دے کر قتل کیا گیا۔

چیخ و پکار سن کر اہل محلہ اکٹھے ہو گئے سٹی پولیس نے اطلاع ملنے پر نعش کو قبضہ میں لے لیا اور فنگر پرنٹ کے لئے کرائم برانچ سے ماہرین بلا لئے ہیں ، بد قسمت مقتولہ کے دو بیٹے عابد اور عامر بیرون ممالک بسلسلہ روزگار مقیم ہیں ، جبکہ اس کا خاوند تقریباً25سال قبل لاپتہ ہو گیا تھا مقتولہ گزشتہ روز ہی بنک سے طلائی زیورات اور رقم نکلوا کر لائی تھی کہ عزیز کی شادی میں شرکت کر سکے بتایا جاتا ہے کہ چند ہفتے قبل نامعلوم چور مقتولہ کے گھر سے چند میٹر کے فاصلہ پر واقع بلال کے کرایہ کے مکان سے 180000روپے چوری کر کے لے گئے تاحال نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا، سٹی پولیس مختلف پہلوئوں سے تفتیش کر رہی ہے ، تاحال نعش کوپوسٹ مارٹم کے لئے روانہ نہیں کیا گیا کیونکہ گھر میں مرد موجود نہ ہونے کی وجہ سے FIRبھی نہیں ہو سکی خونی ڈکیتی کی دلیرانہ واردات کے بعد محلہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ، SDPOضیاء جعفری اور تھانہ سٹی کے ایس ایچ او صفدر کرنانہ نے رابطہ کرنے پر یقین دلایا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کریں گے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بنک سے رقم نکلوا کر واپس گھر آتے ہوئے گلی زبیر والی میں کار سوار مرد اور خاتون نے مقتولہ کو زبردستی بٹھانے کی بھی کوشش کی تھی جس کا ذکر اس نے گھر پر آ کر بھی کیا۔