امریکہ(جیوڈیسک)امریکی صدر باراک اوباما نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے دوسری مدت صدارت کے لیے بطور امیدوار نامزدگی قبول کر لی۔
امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے شہر شارلٹ میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے قومی کنونشن کے تیسرے اور آخری روز صدر اوباما نے دوسری مدت کے لیے بطور امیدوار اپنی نامزدگی قبول کرلی۔ صدر اوباما نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی معاملات کو بہتر کرنے کے لیے وائٹ ہاوس کے لیے مزید چار سال درکار ہیں۔ اوباما نے کہا کہ یہ الیکشن دو امیدواروں میں سے ایک کو چننے کا نہیں بلکہ یہ امریکا کے لیے دو میں سے ایک راستے کے انتخاب کا ہے۔
انھوں نے امریکہ کے آئندہ چار برسوں کے لیے اہداف کی نشاندہی بھی کی جن میں مینوفیکچرنگ، توانائی، تعلیم، قومی سلامتی سے متعلق امور کے علاوہ، خسارے میں کمی لانے، روزگار کے مواقع کو فروغ دینے اور دیرپا فوائد کی حامل معیشت کے حصول کو یقینی بنانے کے مجوزہ اقدام شامل ہیں۔