وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ توانائی کے شعبہ کی پیداوار میں اضافہ اور آبی وسائل سے بہتر استفادہ کیلئے بڑے ڈیموں کی تعمیر کی غرض سے امریکہ پاکستان کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔ یہ بات انہوں نے امریکہ کے ڈپٹی سیکرٹری خزانہ نیل والن اور ڈپٹی سیکرٹری مینجمنٹ اور ریسورسز تھامس نائیڈز سے گزشتہ دن واشنگٹن میں ملاقات کے بعدپاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ ملاقات میں نجی شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا اور امریکی حکام نے کہا ہے کہ امریکی ادارہ اوورسیز پرائیویٹ انوسٹمنٹ کارپوریشن (او پی آئی سی) اور ایگزم بینک پاکستان کے نجی شعبہ میں سرمایہ کاری کریں گے جس سے ملک کی صنعتی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران جنوبی اور وسطی ایشیا کے ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کیلئے امکانات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسپسیفک انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ جو آج کل امریکہ کے دورے پر ہیں ، انہوں نے بوسٹن میں ہونے والی ہاورڈ یونیورسٹی کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے سو سے زائد اقتصادی ماہرین نے شرکت کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے مختلف خطوں اور مخصوص ممالک کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے گفتگو کی۔ عالمی اقتصادی چیلنجز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کے حوالے سے پالیسی سازی کی گئی۔