لاہور: پنجاب حکومت نے ڈینگی کے باعث لاہور کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے دس روز کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق تعلیمی ادارے بدھ سے بند کر دئیے جائیں گے۔ چھٹیوں کے دوران تعلیمی اداروں میں ڈینگی سے بچا کے لیے سپرے کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ پنجاب میں ڈینگی وبائی مرض اختیار کر گیا ہے اور اب تک چار ہزار سے زائد ڈینگی بخار کے کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت کو تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس تجویز میں کہا گیا تھا کہ تیزی سے پھیلتے ہوئے اس مرض کا سکولوں اور کالجوں کے طالبعلم کسی بھی وقت شکار ہوسکتے ہیں۔ اس لیے تمام تعلیمی اداروں کو بند کر دیا جائے اور تب تک نہ کھولا جائے جب تک ڈینگی پر قابو نہ پالیا جائے۔ جس پر وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے منظوری دیدی اور تمام تعلیمی اداروں کو بدھ سے دس روز کیلئے بند کر دیا جائیگا اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگر ڈینگی کی وبا پر قابو نہ پایا جاسکا اور یہ وبا اسی طرح پھیلتی رہی تو دوبارہ تعطیلات کا فیصلہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کرے گے۔