لاہور ہائیکورٹ نے ڈینگی کے مرض کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب اور ڈی سی او لاہور سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔ درخواست کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اعجاز احمد چوہدری نے کی درخواست گزار نوشاب ایڈوکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات نہ کرنے سے یہ مرض وبا کی شکل اختیار کرگیا ہے اور ہزاروں افراد اس مرض میں مبتلاہیں جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی مناسب سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے اموات واقع ہو رہی ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ڈینگی کے لئے کیا جانے والا اسپرے بھی ناقص معیار کا ہے جس کی وجہ سے مرض ختم ہونے کی بجائے بڑھ رہا ہے۔ عدالت نے درخواست کی ابتدائی سماعت کرنے کے بعد سیکرٹری صحت پنجاب اور ڈی سی او لاہور سے ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔