لاہور : وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ڈینگی مریضوں کا مفت علاج نہ کرنے والے نجی اسپتالوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے اسپرے کرنے والے ضلعی حکومت کے ملازمین کی اجرت میں اضافے کا حکم بھی دے دیا۔ ایوان وزیراعلی میں ڈینگی کے حوالے سے ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلی نے کہا کہ اسپیشل ٹیم کو نجی ہسپتالوں کے خلاف کارروائی کیلئے مزید متحرک کیا جائے۔ ڈینگی مریضوں کا مفت علاج نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے ضلعی حکومت کے سپرے کرنے والے ملازمین کی ماہانہ اجرت پانچ سو روپے تک بڑھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہسپتالوں میں پیرامیڈیکل سٹاف پر بوجھ کم کرنے کیلئے فوری طور پر نرسوں کی بھرتی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے مارکیٹ میں دستیاب ادویات کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور زیادہ قیمت وصول کرنے والی دکانوں کو سیل کرکے مقدمات درج کئے جائیں۔