لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ پاکستانی ماہرین کی ڈیڑھ سو رکنی ٹیم تربیت کے لئے بیرون ملک جائے گی۔ لاہور میں وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کی زیر صدارت ڈینگی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ حکومت کی اولین کی ترجیح ہے۔ پنجاب سے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ایک سو پچاس ارکان کو سری لنکا، تھائی لینڈ اور سنگا پور بھیجا جائے گا۔ صوبے کے دوسرے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کو لاہور میں تربیت دی جا رہی ہے۔ ڈینگی کے خاتمے کیلئیطویل،قلیل اور درمیانی مدت کی حکمت عملی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی سے آنے والے سیل سپریٹرز کو مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں نصب کردیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے ڈی سی او کو ہدایت کی کہ چودہ اکتوبر تک لاہور سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اٹھا لئے جائیں۔ ٹائروں کے گودام ڈینگی لاروے کی افزائش کے مراکز ہیں ان کے بارے میں سسٹم بنایا جائے گا۔ اس موقع پر انڈونیشین ماہرین، اراکین اسمبلی، سیکرٹریز اور ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔