ڈینگی کے سدباب کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ شہباز

shehbaz sharif

shehbaz sharif

لاہور : وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کے سدباب کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں مزید پانچ سیل سپریٹر مشینیں نصب کر دی گئی ہیں۔ لاہور میں وزیر اعلی پنجاب کی زیرصدارت صوبے میں ڈینگی کیخلاف جاری مہم کا جائزہ لینے کے لئے ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر منتخب نمائندے،چیف سیکرٹری، سیکرٹریز اور سری لنکن ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ صوبے میں ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، راولپنڈی اور بلڈ بنک لاہور میں مزید پانچ سیل سپریٹر مشینیں نصب کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے سیکرٹری خوراک کو ہدایت کی کہ وہ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں صفائی اور ڈینگی کے خاتمے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ڈینگی کیخلاف ہیلپ لائن نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اسے ہیلتھ پروگرام کا مستقل حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کنسلٹنٹس نجی اور سرکاری ہسپتالوں کے دورے کرکے ڈینگی کے مریضوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور نرسوں کو ڈینگی علاج کا تربیتی پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اسے اتوار سمیت پورے ہفتے یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے ڈینگی کی صورتحال اور اس کے تدارک کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔