آسٹریلوی نژاد ڈیو واٹمور آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ سے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ واٹمور یکم مارچ کو پاکستان پہنچ کر بورڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ڈیو واٹمور اور جولین فائونٹین انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے بعد محسن خان اور اعجاز احمد کی جگہ ہیڈ کوچ اور فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔
ستاون سالہ ڈیو واٹمور کی کوچنگ میں سری لنکا نے انیس سو چھیانوے کا ورلڈ کپ جیتا تھا اور بنگلہ دیش نے پہلی بار آسٹریلیا، بھارت اور جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے لئے پروفیشنل کوچز کی تقرری کے فیصلے کے تحت ڈیو واٹمور اور جولین فونٹین ایشیا کپ سے ٹیم کا چارج سنبھال لیں گے۔