اسلام آباد (جیوڈیسک)ڈی ایٹ سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے 5 ممالک کے سربراہ آج اسلام آباد پہنچیں گے۔22 نومبر کو ہونے والی ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے رکن ممالک کے سربراہان آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس بھی آج ہی ہو رہا ہے۔ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کے آٹھویں اجلاس میں شرکت کیلئے ایران کے صدر احمدی نژاد، ترکی کے وزیر اعظم طیب اردگان، مصر کے صدر محمد مرسی، نائیجیریا کے صدرگڈلک جوناتھن اور انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بمبانگ آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
کانفرنس میں ملائشیا کی نمائندگی نائب وزیر اعظم محی الدین یاسین جبکہ بنگلا دیش کی وزیر اعظم کے مشیر سید گوہر علی رضوی کررہے ہیں۔ کانفرنس کے دوران نئے سیکرٹری جنرل کا تقرر بھی کیا جائے گا۔