اسلام آباد : (جیو ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں جہاں بھی سودے بازی ہوئی وہاں کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی ائی ایس کو توسیع دی گئی تو ن لیگ سخت رد عمل ظاہر کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثارعلی خان نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں بعض مقامات پر کھلے عام سودے بازی ہوئی ہے سیاست میں پیسے کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گندھی مچھلیوں کو نہ صرف سیاست بلکہ سیاست سے بھی باہر نکالنا ہو گا اس گھناونے فعل میں ملوث عناصر کو ایکسپوز کرنے کی ضرورت ہے۔
چوھدری نثار نے کہا کہ ڈی جی ائی ایس ائی کو توسیع دی گئی تو یہ تمام ڈیلز کی ماں تصور ہو گی انہوں نے کہا کہ ملک کی ازادی خود مختاری کی قیمت پر ڈیل کے ذریعے توسیع لینا قومی جرم سے کم نہیں ہو گا۔ چودھری نثار نے کہا کہ ڈی جی ائی ایس ائی کو توسیع دی گئی تو میمو گیٹ سے متعلق صدر زرداری اور حسین حقانی موقف کا موقف درست ہوجائے گا جبکہ ارمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے سپریم کورٹ میں جمع کرایا جانے والا موقف غلط ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میمو گیٹ پر مک مکا ہوچکا ہے اگر یہی کرنا تھا تو سپریم کورٹ اور قوم کا وقت ضائع کیوں کیا گیا اور کمیشن کے قیام کی کیا ضرورت تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب جنرل پاشا کی توسیع سیاسی عمل بن جائے گا جس کے خلاف ن لیگ ہر قسم کے لائحہ عمل کا حق محفوظ رکھتی ہے۔