کابل : (جیو ڈیسک)کابل میں پاک افغان دو طرفہ مذاکرات میں باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ پاکستان نے افغان فورسز کیلئے دو کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔ پاکستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی دراندازی کے واقعات سے پیدا ہونے والی صورتحال اور پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کے ماحول میں وزیر اعظم پرویز اشرف نے کابل کا دورہ کیا۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات میں سرحد پار دہشت گردی اور دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کابل میں پاک افغان دو طرفہ مذاکرات بھی ہوئے جس میں تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاکستان نے افغان فورسز کیلئے دو کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔ وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتا ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ مثبت پیش رفت ہے۔
اس سے پہلے وزیراعظم کابل میں صدارتی محل پہنچے تو افغان صدر حامد کرزئی نے استقبال کیا۔ وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعظم پرویز اشرف نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے کی نئی عمارت قائداعظم کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ کابل میں پاکستان، افغانستان، برطانیہ سہ ملکی مذاکرات بھی ہوں گی۔