کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔ وزارت پیٹرولیم کی جانب سے سی این جی پالیسی میں ترامیم پر مبنی سمری اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ماہانہ یا ہفتہ وار تعین سمیت پانچ نکاتی ایجنڈے پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوگا۔ وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق تیار کی گئی سمری منظوری کیلئے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔جس میں ایک ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں کو سی این جی فراہم نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔تاہم پبلک ٹرانسپورٹ کی تمام گاڑیوں کو سی این جی فراہم کرنے کی تجویز ہے۔
ای سی سی کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ماہانہ یا ہفتہ وار تعین کے حوالے سے قائم کی گئی سب کمیٹی بھی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔اس کے علاوہ قادر پور گیس فیلڈ سے نکلنے والی گیس کی قیمت میں ردوبدل کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا جبکہ چینی کی برآمد کے حوالیسے حتمی مکینزم کی منظوری بھی اجلاس میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق پانچ نکاتی ایجنڈے سمیت مجموعی معاشی صورتحال پر کمیٹی کو متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔