کارگل مشن پرویز مشرف کی حب الوطنی او ر فرض شناسی کا ثبوت ہے ، طاہر حسین
Posted on January 31, 2013 By Zain Webmaster کراچی
کراچی : پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کے تحفظ و استحکام کی ضامن ہیں ، اس سے وابستہ ہر فرد کی حب الوطنی ہر قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ہے جبکہ مسلح افواج کے سربراہ کا ہر فیصلہ حرمت وطن کے تقدس اور سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہوتا ہے اور جس طرح کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اسی طرح کارگل کشمیر کی شہہ رگ ہے ، اگر پرویز مشرف نے کارگل مشن انجام نہیں دیا ہوتا تو آج مقبوضہ کشمیر کی طرح آزادکشمیر بھی بھارتی تسلط کے شکنجے میں تڑپ رہا ہوتا۔
آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین نے کہا ہے کہ مخالفت و اختلاف حسن جمہوریت سہی لیکن مخالف کی کردار کشی کیلئے ملکی مفادات کو فراموش کرنا نہ تو حب الوطنی ہے ، نہ ہی میڈیا کی روایت مگر افسوس کہ بعض عناصر بغض مشرف میں ذاتی مفادات کیلئے میڈیا پر بیٹھ کر قومی مفادات پر ضرب کاری لگا رہے ہیں۔
کیونکہ بھارت سرحدی تنازعات کو بنیاد بناکر پاکستان کو جارح ریاست قرار دلانے کی جو سازش کر رہا ہے کارگل جیسے نازک ایشو پرمیڈیا بحث اور اسے بنیاد بنا کر مشرف کی کردار کشی کی کوشش بھارتی سازش کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا باعث بنے گی اور ایسا کرنے والے کسی طور محب وطن کہلانے کے لائق نہیں ہو سکتے۔