پنجاب : (جیو ڈسک) سینئر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ میاں برادران نے تیسری بار وزیراعظم بننے کے لیے کالا باغ ڈیم کی مخالفت کی۔ اگر یہ ڈیم بنادیا جاتا تو پنجاب سمیت ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ ہوتی۔راولپنڈ ی کے حلقہ این اے اٹھاون اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ وہ سو ارب روپے پنجاب کے خزانے میں چھوڑ کرگئے تھے ۔ آج صوبہ پانچ سو ارب کا مقروض ہوچکا ہے۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ یہ کون سا قانون ہے کہ صوبے کا وزیراعلی وفاق کے خلاف بغاوت کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی ذمہ داری وزیراعلی پنجاب پر عائد ہوتی ہے تاہم پنجاب میں جرائم کی شرح میں صد فیصد اضافہ ہوچکا ہے ۔ چوہدری پرویز الہی نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم گیلانی کو کہہ دیا ہے کہ سب کاموں کو چھوڑ کر ملک میں جاری بجلی اور گیس کے بحران کو حل کریں۔