اسلام آباد (جیوڈیسک) نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران فیصل کی ہلاکت کے کیس کی سماعت کے موقع پر نیب کے پراسکیوٹر جنرل کے کے آغا نے سپریم کورٹ کے بنچ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔
جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سپریم کورٹ میں کامران فیصل ہلاکت کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب فصیح بخاری بھی سپریم کورٹ میں موجود تھے۔ دوران سماعت جسٹس جواد کا کہنا تھا کہ حکومت نے خود اہمیت دے کر کامران فیصل کیس میں کمیشن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ حکومتی کمیشن عدالتی ہے یا نہیں۔
ہم میں سے ہر ایک حقائق کو سامنے لانا چاہتا ہے۔ کے کے آغا کے اعتراض پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ اپنے تحفظات سے تحریری طور پر آگاہ کریں۔ جسٹس خلجی عارف نے سماعت کے دوران کہا کہ اگر آپ کے عدم اعتماد کی وجہ معقول ہوئی تو اصرار نہیں کریں گے۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے س پر کہا کہ مجھے وقت دیں اور تب تک کارروائی روک دی جائے۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔