کانگریس ٹرانسپورٹیشن بل کی منظوری دے، صدر اوباما

Obama

Obama

امریکہ کے صدر براک اوباما نے کانگریس پر زور دیا ہے کہ دس لاکھ سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے محروم  ہونے سے بچانے کے لیے ‘ٹرانسپورٹیشن بل’ میں توسیع کی منظوری دے دی جائے۔ہفتے کو ریڈیو پر اپنے ہفتہ وار خطاب  میں صدر اوباما کا کہنا تھا کہ اگر کانگریس نے ستمبر کے آخر تک اس ضمن میں کوئی پیش رفت نہ کی تو سڑکوں اور پلوں کی تعمیر  کے منصوبوں کے لیے درکار رقم فراہم نہیں ہوسکے گی جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔کانگریس اس سے قبل ماضی میں اسی طرح کے سات ‘ٹرانسپورٹیشن بلز’ کی منظوری دے چکی ہے تاہم صدر کا کہنا ہے کہ “سیاسی کھیل” کے باعث   موجودہ بل پر پیش رفت متاثر ہورہی ہے۔اپنے خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ ہر ایک کو اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر وہ کام کرنا چاہیے جو معیشت کے لیے سازگار ہو۔واضح رہے کہ صدر اوباما آئندہ جمعرات کو کانگریس کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرکے امریکی معیشت  میں تیزی لانے اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے منصوبے کا اعلان کریں گے۔ادھر ری پبلکن جماعت کے ہفتہ وار خطاب میں رکنِ کانگریس باب گڈ لیٹ کا کہنا تھا کہ صدر اوباما کی مجوزہ تقریر میں کانگریس پر زور دیا جانا چاہیے کہ وہ متوازن بجٹ  کے حوالے سے تجویز کردہ آئینی ترمیم کی حمایت کرے۔اس ترمیم کی رو سے کانگریس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری اخراجات کے لیے صرف اتنی ہی رقم کی منظوری دے جتنی  حکومت کے پاس دستیاب ہے۔