کبڈی ورلڈ کپ (جیوڈیسک) تیسرے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان نے کینیڈا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے جوانوں کے درمیان ٹائٹل کا جوڑ ہفتے کو پڑے گا۔ بھارتی پنجاب میں دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور کینیڈا کی ٹیمیں میدان میں اتریں۔ قومی پہلوانوں نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے شروع سے ہی برتری حاصل کی۔ پہلے راؤنڈ میں پاکستان کو حریف ٹیم پر چودہ کے مقابلے میں اٹھائیس پوائنٹ کی سبقت ملی۔
دوسرے راؤنڈ میں بھی قومی کھلاڑی چھائے رہے انہوں نے کینیڈین پلیئرز کی ایک نہ چلنے دی۔ چھپن ستائیس کے سکور کے ساتھ دوسرا راؤنڈ اور سیمی فائنل میچ پاکستان کے نام ہو گیا۔
پہلے سیمی فائنل میں میزبان بھارت نے ایران کو شکست دی۔ تیسرے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ قومی کپتان مشرف جاوید نے پاک بھارت کبڈی مقابلے کو کانٹے کا قرار دیتے ہوئے قوم کو فتح کے لئے دعا کرنے کو کہا۔ کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل پندرہ دسمبر کو لدھیانہ کے گرو نانک سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔