کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کے تمام تاجروں کو بھتہ مافیا، پر چی مافیا سمیت جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلانے کیلئے عملی کوششیں کر رہی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام صنعت کاروں اور تاجر برادری کا ایک اجلاس مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں معروف صنعتکار اور تاجر ایس ایم منیر، عتیق میر، سراج قاسم تیلی، شکیل احمد، زبیر موتی والا سمیت دیگر تاجروں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکڑ فاروق ستار نے کی جبکہ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین رضا ہارون ، ڈاکٹر صغیر احمد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اجلاس میں صنعتکاروں اور تاجروں نے شہر میں جرائم پیشہ عناصر کی بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت گری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ان سے نجات کیلئے اپنی تجاویز پیش کرنے کے علاوہ لائحہ عمل بھی طے کیا جبکہ اجلاس میں صنعت کاروں اور تاجروں نے اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور پرچی مافیا کے دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کیلئے بزنس کنونشن منعقد کرنے اعلان بھی کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کے تمام تاجروں کو بھتہ مافیا، پرچی مافیا سمیت جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلانے کیلئے عملی کوششیں کر رہی ہے۔ اس موقع پر صنعت کاروں اور تاجر رہنماں کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیئے۔