کراچی(جیوڈیسک)بلاول ہاؤس کراچی میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کو درپیش تمام مسائل کو مل کر حل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مخلوط حکومت کا اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
بلاول ہاؤس کراچی میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے رہنماں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی، ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور بابر غوری نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے معاملات سمیت توانائی بحران، امن وامان کی صورتحال، آئندہ انتخابات، نگران سیٹ اپ اور 14 جنوری کے لانگ مارچ کے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔