کراچی(جیوڈیسک)کراچی اسٹاک مارکیٹ کیلئے تیس جنوری ایک اور تاریخی دن رہا۔ تیزی کا تسلسل برقرار رہنے سے مارکیٹ تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا تاہم منافع کے حصول کیلئے فروخت کے دباو اور کراچی میں ممکنہ بڑی دہشت گردی کے خدشات نے تیزی کے رجحان کو متاثر کیا۔
ٹریڈنگ کے دوران اکیاسی پوائنٹس کی تیزی کاروبار کے اختتام پر تینتیس پوائنٹس تک محدود رہی تاہم مارکیٹ کا بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس تاریخ میں پہلی بار سترہ ہزار دو سو پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا جو 17205 پوائنٹس پر بند ہوا۔شیئرز کی تجارت کے حوالے سے بھی تیس جنوری ایک اہم دن قرار پایا جس میں مارکیٹ کا کاروباری حجم 28 کروڑ شیئرز کی تجارت تک پہنچ گیا۔