امریکہ کی جانب سے پاکستان کی ستر کروڑ ڈالر امداد روکے جانے کی خبر کراچی اسٹاک مارکیٹ کو لے ڈوبی، کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس گیارہ ہزار تین سو پوائنٹس کی سطح سے بھی گر گیا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تو مثبت ہوا تاہم کاروبار کے آغاز کی تیزی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس دو سے زائد پوائنٹس گر کر گیارہ ہزار تین سو پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔ فرٹیلائزر ، بینکس، سیمنٹ ،ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کے اسکرپٹس میں شدید مندی نے مارکیٹ کو سنبھلنے نہ دیا اور انڈیکس ایک سو ننانوے پوائنٹس کمی کے بعد گیارہ ہزاردو سو اٹہتر پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرمایہ کاروں نے انتہائی محتاط رویہ اختیار رکھا اور کاروبار کے اختتام تک چار کروڑ دس لاکھ شئیرز میں لین دین ہوا۔