کراچی : گورنر ہائوس کراچی میں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی قیادت میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ کراچی اور حیدرآباد کے کمشنرز کو ختم جبکہ ڈی سی اوز کو بحال کردیا گیا ہے۔ کراچی اور حیدر آباد کے کمشنرز کل سے ڈی سی اوز کے فرائض انجام دیں گے ۔ گورنر ہاوس میں ہونے والے مذاکرات میں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان معاملات طے ہوگئے،جس کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں ضلعی نظام بحال کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا جبکہ باقی اضلاع میں 1979کا کمشنری نظام ہی نافذ رہے گا۔ مذاکرات کے دوسرے دور میں سیکرٹری قانون سندھ غلام نبی شاہ موجود تھے۔ گورنر ہاس میں مذاکرات میں ہونے والے فیصلوں پر ایم کیو ایم کی لندن میں موجود قیادت کو اعتماد میں لیا گیا۔ اس سے قبل گورنر ہاوس میں پیپلز پارٹی کے رہنما بابر اعوان،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر بابر اعوان نے اسلام آباد سے کراچی پہنچنے کے بعد گورنر ہاوس میں ون آن ون ملاقات کی۔ بعد میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ بھی گورنر ہاوس پہنچ گئے۔ مذاکرات کے اختتام پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور ڈاکتر بابر اعوان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی نظام کو بحال کیا جارہا ہے ۔ جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں کمشنری نظام کام کرے گا ۔ بابر اعوان نے کہا کہ سیاسی قوتوں کے درمیان مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کئے جاتے ہیں ایم کیو کے ساتھ دیگر معاملات بھی عید تک حل کر لئے جائیں گے ۔