کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ اور اہلیان کراچی کی جانب سے آج شہر میں امن واک ہوگی۔ایم کیو ایم اور اہلیان کراچی کی جانب سے ملک میں انتہا پسندی کے خاتمے اور کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے اتوار کی دوپہر امن واک کا انقعاد کیا جا رہا ہے۔ امن واک کے حوالے سے شہر بھر میں مختلف تقریبات کا سلسلہ جای رہا۔ کلفٹن دو تلوار پر ایم کیو ایم کے راہنماؤں اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شمعیں روشن کیں اور پاکستان کے ملی نغمے گائے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور کراچی میں رہنے والے لوگ یہ چاہتے ہیں کہ شہر اور صوبے سے پورے ملک میں امن کا پیغام پہنچائیں۔ ایم کیو ایم کے راہنماؤں کا کہنا ہے کہ امن مارچ میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگ اور عوام بڑی تعداد میں شرکت کرکے اس امن واک کو کامیاب بنائیں گے۔