کراچی: (جیو ڈیسک) وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں بھتہ خوری میں تمام جماعتیں ملوث ہیں۔ مسلم لیگ نون نے ہر موقع پر حکومت کے خلاف سازش کی۔ کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ بھتہ خوری میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی سمیت تمام گروپ شامل ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں قتل عام کی سازش کی گئی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون نے حکومت کی دونوں ٹانگیں کھینچ کر گرانے کی کوشش کی۔ رحمان ملک نے سیاستدانوں سے اپیل کی کہ طیارہ حادثے پر سیاست نہ کریں۔ اپوزیشن تحقیقاتی کمیشن میں کسی رکن کو شامل کرنا چاہے تو انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو جوڈیشل کمیٹی کو معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔