کراچی: بہادر آباد اور کورنگی میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی : (جیو ڈیسک) فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ماڑی پور اور گزری میں رینجرز کی کارروائیوں میں لیاری گینگ وارکچھ ملزموں سمیت سترہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا.

اٹھائیس سالہ فیصل کو بہادر آباد اور 25 سالہ عبدالشکور کو کورنگی میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ رینجرز نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والے ملزموں حکیم، مراد، وقار، حیدر، مزمل اور امیر حمزہ کے قبضے سے 6 دستی بم، 2 کلاشنکوف، 17 پستول اور ریپیٹر سمیت 850 سے زائد گولیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ رینجرز ذرائع کے مطابق ملزمان اغوا برائے تاوان، قتل اور بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ دوسری جانب گزری کے علاقے سے گیارہ افراد کو اسلحہ سمیت حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کو نا معلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے گئے افراد گزشتہ روز گزری میں فائرنگ کرنے، دکانیں بند کرانے اور تاجروں کو دھمکیاں دینے میں ملوث ہیں جنہیں انٹلیجنس معلومات کی بنیا د پر حراست میں لیا گیا ہے۔ کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں شہریوں نے 9 سی اسٹاپ کے نزدیک لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو پکڑ لیا۔ اس دوران مشتعل افراد نے ملزم کوتشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکو کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ریاض نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو زخمی بھی کیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے 1 مسروقہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ جانب لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ گلشن اقبال میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔